جڑی بوٹیوں میں بھر پور غزائیت اور کئی بیماریوں کا علاج پوشیدہ ہے اور جیسے جیسے ان پر تحقیق کا دائرہ بڑھ رہا اس کے حیرت انگیز فائدے سامنے آرہے ہیں ایسی ہی جڑی بوٹیوں میں کری پتے کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے اوراس میں پوشیدہ انتہائی خطرناک بیماریوں کے علاج نے ماہرین طب کو حیران کردیا ہے کیونکہ یہ اپنے اندر دل کی بیماریوں سے لے کر بالوں کے علاج تک کی بے پناہ خوبیاں رکھتا ہے۔
خون کی کمی کی بیماری اینیمیا کا علاج: کڑی پتہ آئرن اور فولک ایسڈ کا خزانہ ہے اسی لیے خون کی بیماری اینیمیا کا بہترین علاج ہے، اینیمیا جسم میں خون اور آئرن کی کمی اور اسے جسم میں جذب کرنے کی صلاحیت میں کمی کی وجہ سے جنم لیتی ہے جب کہ کری پتے میں موجود فولک ایسڈ آئرن کو جسم میں جذب کرنے میں مدد دیتا ہے اور اور مزید آئرن بھی بناتا ہے۔
جگر کوبیماری سے بچاتا ہے: ایسے لوگ جو شراب نوشی کرتے ہیں ان کا جگر شدید متاثر ہوتا ہے اور وہ جگر کی کئی بیماریوں میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ ایشین جرنل آف فارماسٹیکل اینڈ کلینکل ریسرچ نے اپنی نئی تحقیق میں واضح کیا ہے کہ کری پتہ جگر کو آکسیڈیٹو اور کائیمپ فیرول سے بننے والے زہریلے مادوں سے نجات دلاتا ہے جب کہ اس میں موجود وٹامن اے اور سی جگر کے فنکشن کو مزید فعال بنا دیتا ہے۔
بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد گار: جرنل آف فوڈ فار نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کری پتے خون میں شوگر کا لیول کنٹرول کرنے میں انتہائی مؤثر ہیں جب کہ اس میں موجود فائبر شوگرلیول کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے اس کے لیے ہر کھانے میں کری پتے کا استعمال کریں اور اسے آپ نہار منہ بھی کھا سکتے ہیں۔
دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے: جرنل آف چینی میڈیسن کے مطابق کری پتہ خون میں کولیسٹرول لیول کو کنٹرول کرتا ہے یہ کولسیٹرول کو آکسیڈنٹ ہونے سے بچاتا ہے کیوں کہ یہ ڈی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتا ہے۔
ہاضمے میں مؤثر: کری پتے کارمینیٹو سے بھرپور ہوتے ہیں اس لیے یہ بد ہضمی میں انتہائی مؤثر ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ کری پتے میں قبض کے خاتمے کی خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں جو معدے کو متوازن رکھتی ہیں۔
کیمو تھراپی کے سائیڈ ایفکٹس کو کم کرتا ہے: ایک تحقیق کے مطابق کری پتے میں کیمو تھراپی کے مضر اثرات کو کم کرنے کے حیرت انگیز صلاحیت موجود ہوتی ہے یہ کیمو تھراپی کے دوران کروموسوم کو تباہ ہونےسے بچاتا ہے جب کہ یہ بون میرو کی حفاطت کرتا ہے۔ ایک اور تحقیق کے مطابق کڑی پتے میں کینسر سے بچانے کے عناصر بھی پائے جاتے ہیں۔
سینے اور ناک کی بیماری سےنجات دیتا ہے: کھانسی، سینے کی جکڑن اور نزلے میں کڑی پتہ انتہائی مفید ہے اس میں موجود وٹامن سی، اے اور کائیمپ فیرول میں جلن اور جکڑن کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ ان بیماریوں سے دور رکھتے ہیں۔ سینے کی جکڑن ختم کرنے کے لیے کری پتے کے پاؤڈر کا ایک چمچہ شہد میں ملا کر دن میں دو مرتبہ استعمال کریں۔
بالوں کی نشوونما میں مؤثر: کری پتے پر کی گئی کئی تحقیق میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ اس میں بالوں کی نشو ونما کی زبردست خوبیاں پائی جاتی ہیں، بالوں کے گرنے، خشکی، اور وقت سے قبل بالوں کا سفید ہونا جیسی بیماریوں کے خلاف کڑی پتے میں زبردست علاج موجود ہے۔ بالوں کے علاج کے لیے چند کری پتے لے کر انہیں ناریل کے تیل میں ڈال کر اچھی طرح پکا لیں اور جب رنگ کالا ہونے لگے تو اتارکر ٹھنڈا کرلیں اور اسے ہفتے میں کم از کم 3 بار لگائیں صرف 15 دن میں اس کے حیرت انگیز نتائج آپ کے سامنے ہوں گے اس کے علاوہ کڑی پتے کو پیس کر اس میں دہی ملا کر اسے بھی بالوں پر لگانے سے بالوں میں چمک آجاتی ہے۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں