میکسیکو میں سینالاؤ نامی منشیات کے گروہ کے سابق سربراہ جوکوئین گزمین ایک مرتبہ پھر جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق نیشنل سکیورٹی کمیشن نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ گزمین سنیچر کی رات کو اپنی کوٹھری سے غائب پائے گئے۔
انھیں میکسیکو شہر سے باہر الٹی پلانو نامی جیل میں رکھا گیا تھا۔
سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ شب نو بجے کے قریب وہ نہانے کے لیے گئے تھے۔ جب کچھ دیر تک دکھائی نہ دیے تو جس کوٹھری میں انھیں رکھا گیا تھا وہاں کی تلاشی لی گئی مگر وہ خالی تھی۔
گزمین کی تلاش کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں قریب موجود ہوائی اڈے کو بھی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جوکوئین گزمین جنھیں شارٹی کہہ کر بھی پکارا جاتا ہے کو سنہ 1993 میں 20 سال کی سزا سنا کر جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم وہ آٹھ سال بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
انھیں دوبارہ گذشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ پہلی بار جیل کے سکیورٹی گارڈز کی مدد سے ہی فرار میں کامیاب ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر ایک سرنگیں بھی بنا لیتے ہیں۔
سینالاؤ گروہ دنیا میں کوکین، بھنگ، چرس اور دیگر منشیات کو امریکہ میں جہاز، زمین اور سمندر کے ذریعے کنٹرول کرتا ہے اور اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے پچاس ممالک کے ساتھ رابطے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے جوکوئین گزمین کی گرفتاری کی اطلاع دینے والے کے لیے 50 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا تھا۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں