بھارتی فلموں میں ایکشن ہیرو کا کردار نبھانے کے لیے مشہور اداکار اجے دیوگن اپنی نئی فلم ’درشيم‘ میں ایک بار نظر آئیں گے۔ اس سے قبل سنہ 2014 میں اجے کی ریلیز ہونے والی ایکشن فلم ’ایکشن جیکسن‘ باکس آفس پر فلاپ ہوئی تھی۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اجے دیوگن نے کہا کہ اس فلم کے فلاپ ہونے کی وجہ یشراج کی فلم ’دھوم 3‘ تھی۔
اجے دیوگن کہتے ہیں کہ ’ایکشن جیکسن کی فلم بنانے کے دوران ہی ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کی فلم نہیں چلے گی کیونکہ ہماری فلم اور ’دھوم 3 ‘ کی کہانی تقریباً ایک جیسی تھی۔‘
اجے نے کہا کہ ’فلم کی شوٹنگ شروع ہونے والی تھی۔ کہانی بھی لاک ہو گئی تھی۔ سیٹ لگ گیا تھا پر شوٹنگ سے کچھ ہی دن پہلے ہمیں پتہ چلا کی ہماری کہانی سے ملتی جلتی عامر خان کی بڑی فلم دھوم 3 ریلیز ہونے والی ہے۔ پھر ہمیں کہانی تبدیل کرنا پڑی۔‘
لیکن اس بار اجے دیوگن ساؤتھ انڈین فلم کا ری میک لے کر آ رہے ہیں اور اس فلم کی کامیابی پر انھیں پورا بھروسہ ہے۔
ری میک فلمیں صرف کاروباری وجوہات کی بنا پر بنائی جاتی ہیں اس سوال کے جواب میں اجے نے کہا کہ ’ایسا کہنے والے لوگ جو بناتے ہیں کیا وہ آرٹ ہے؟ ری میک ایک ٹربيوٹ ہوتا ہے جسے بنانا آسان کام نہیں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’صرف بالی ووڈ میں ہی نہیں ساوتھ انڈیا میں بھی ہماری فلموں کا ری میک ہوتا ہے میں تو کہوں گا کے ریمیک ادب کا تبادلہ ہے۔‘
’درشيم‘ میں اجے دیوگن ایک عام آدمی کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کا خاندان قانونی چارہ جوئی میں پھنس جاتا ہے اور کس طرح وہ اپنی سوجھ بوجھ اپنے خاندان کو سسٹم سے بچاتا ہے۔
فلم میں 16 سال بعد اجے دیوگن اور تبو ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔ تبو کے علاوہ جنوبی فلم کی اداکارہ شريا سرن اور چاندی کپور اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم کے ڈائریکٹر نشی کانت ہیں۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں