نیویارک: مالی بحران ایک بار پھرپوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے جس کے باعث امریکی اور یورپی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی کے بعد ایشیا میں بھی مندی دیکھی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ ڈاو جونز میں کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان دیکھا گیا اور مارکیٹ اپنے آغاز میں ہی 2.23 فیصد گر گئی جب کہ ناسدق کمپوزٹ انڈیکس 2.4 فیصد تک نیچے آگئی، اس کے علاوہ جاپان کی شنگھائی اسٹاک مارکیٹ بھی مندی دیکھنے میں آئی اور مارکیٹ دن کے آغاز میں ہی 3.6 فیصد گرگئی۔
یورپ کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی کاروبار میں مندی دیکھی گئی جس کے باعث جرمنی کی فرینکفرٹ اسٹاک مارکیٹس 3 فیصد اور میلان اسٹاک مارکیٹ 3.1 فیصد گر گئی جب کہ دیگر یورپی ممالک کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ سب سے زیادہ کمی ماسکو اسٹاک مارکیٹ میں دیکھی گئی جہاں اسٹاک مارکیٹ 5 فیصد تک نیچے آگئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کی بڑی وجہ تیل کی قیتموں میں مسلسل کمی ہے جو 12 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں جب کہ کچھ ماہرین تیل کے ساتھ ساتھ چینی ایکویٹی میں بڑے پیمانے پر کمی کو بھی اس کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں