گوگل اپنی اسمارٹ فون سیریز پکسل کا اپ ڈیٹ ورژن ممکنہ طور پر رواں سال اکتوبر میں متعارف کرا سکتا ہے۔
یہ بات اسمارٹ فونز کمپنیوں کے راز لیک کرنے والے ایون بلاس نے ایک ٹوئیٹ میں بتائی، جو اس سے پہلے بھی متعدد بار مختلف ڈیوائسز کی تاریخ رونمائی کی درست پیشگوئی کرچکے ہیں۔
یہ فون 5 اکتوبر کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
Google's second-generation Pixel handsets, powered by Snapdragon 836 SoC's, will be unveiled on October 5th.— Evan Blass (@evleaks) August 24, 2017
گوگل پکسل ٹو پہلا اینڈرائیڈ فون ہوگا جس میں کوالکوم کا اسنیپ ڈراگون 836 پراسیسر دیا جائے گا اور اس طرح یہ گلیکسی نوٹ ایٹ یا ایس ایٹ سے ہارڈوئیر میں زیادہ طاقتور ہوگا۔
اس بار بھی گوگل پکسل دو ماڈلز میں ہوگا جس میں سے چھوٹی اسکرین والا فون ایچ ٹی سی جبکہ بڑا فون ایل جی گوگل کو تیار کرکے دے گی۔
اس فون کے حوالے سے پہلے بھی کئی لیکس سامنے آچکی ہیں اور ان کے مطابق اس میں ایچ ٹی سی یو الیون جیسا اسکیوز کنٹرول بھی دیا جائے گا یعنی اسکرین کو چھوئے بغیر محض سائیڈز کو دبا کر مختلف ایپس کو اوپن کیا جاسکے گا۔
اور ہاں گوگل ڈوئل کیمروں کو اپنی نئی ڈیوائس کا حصہ نہیں بنارہا، جیسا آج کل ہر کمپنی کی جانب سے کیا جارہا ہے۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس بار گوگل پکسل میں آئی فون سیون کا ایک فیچر موجود ہے اور وہ ہے ہیڈ فون جیکس کو ہٹانا۔
اس سے ہٹ کر ممکنہ طور پر 1440p اسکرین ریزولوشن، فور جی بی ریم اور 128 جی بی تک اسٹوریج۔
دیکھنے میں یہ فون کیسا ہوگا، وہ آپ اوپر تصویر میں دیکھ سکتے ہیں جو کہ اینڈرائیڈ پولیس نے کچھ روز پہلے لیک کی تھی۔
گوگل نے اس کی تاریخ رونمائی کے حوالے سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں